Unpredictable پاکستان نے ایک بار پھر سب کو حیران کر دیا! زمبابوے سے شکست کھا کر اس ساؤتھ افریقہ کو ہرا دیا جو ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہ ہاری

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ 14 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ سڈنی میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں مصروف جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 9 اوورز میں 4 وکٹ پر 69 رنز بنالیے تھے، جس کے بعد میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔
بارش رکنے کے بعد جب میچ کو دوبارہ شروع کیا گیا تو جنوبی افریقہ کی اننگز کو 14 اوورز تک محدود کردیا گیا، یوں اسے آخری 5 اوورز میں جیت کے لیے 74 رنز درکار ہیں۔ بارش سے قبل پاکستانی بولرز نے جنوبی افریقا کی ہدف کے تعاقب کی کوشش کو آغاز میں ہی مشکل بنا دیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں کوئنٹن ڈی کاک کی وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے لیے دوسری وکٹ بھی شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی، اننگز کے تیسرے اوور میں 16 کے مجموعی اسکور پر رائیلی رووسو 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی تیسری اور چوتھی وکٹ شاداب خان نے لی، انہوں نے ٹمبا باووما اور ایڈن مارکرم کو آوٹ کیا۔ ٹمبا باووما نے 36 اور ایڈن مارکرم نے 20 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر میں شاداب خان اور افتخار احمد کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث پاکستان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 185 رنز بنائے۔